کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے لیاقت آباد میں ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قابل ستائش اقدامات شروع

کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے لیاقت آباد میں ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قابل ستائش اقدامات شروع

بدھ 24فروری2021
123karachi.com
دورانیہ مطالعہ:02منٹ
کراچی، فریئر روڈ
کراچی ٹریفک پولیس نے قابل ستائش اقدام کرتے ہوئے لیاقت آباد ڈاکخانہ تا دو نمبر پرعرصہ دراز سے رونگ سائیڈ چلنے والی گاڑیوں کے خلاف گذشتہ روز منگل 23فروری 2021کو بھرپور کریک ڈاﺅن کیا ۔لیاقت آباد ڈاکخانہ نرالہ سوئٹس سے لے کر لیاقت آباد 2نمبر نزد پیڈسٹیرین برج والی سڑک پر کئی سالوں سے روزانہ سینکڑوں گاڑیاں ون وے کی خلاف ورزی کرتی نظر آرہی تھیں، جس پر گذشتہ دنوں DSPٹریفک لیاقت آباد سید جعفر عباس اور SOصدیق پھُل نے بھاری نفری کے ہمراہ رونگ سائیڈ آنے والوں کے خلاف بھر پور کاروائی کرتے ہوئے کئی درجن گاڑیوں کے ہزاروں روپے کے چلان کر دئیے۔ جبکہ رونگ سائیڈ آنے والی سڑک کو بیریئر لگا کر وہاں ٹریفک کی نفری بھی تعینات کر دی گئی جو کہ رونگ سائیڈ آنے والی گاڑیوں کو روکتے نظر آتے ہیں. مذکورہ کاروئی DIGٹریفک اقبال دارا کی خصوصی ہدایت پر کی گئی۔
اس طرح کے اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ DIGٹریفک اقبال دارا اور ان کی ٹیم میں بہتر صلاحیتیں موجود ہیں اور اگر ان کو فری ہینڈ دے دیا جائے تو وہ شہر کے ٹریفک کے لیئے مزید بہتر اقدامات کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ مذکورہ اقدامات عارضی ثابت ہوتے ہیں اور یہ کوئی مستقل حل نہیں ہے، رونگ سائیڈ کا مستقل سدّ باب جب ہی ہو سکتا ہے جبکہ ون وے کی خلاف ورزی کرنے والی متعلقہ گاڑی کا کم سے کم 5000روپے جرمانہ کیا جائے، اور جرمانے کی رقم میں سے 10فیصد چلان کرنے والے افسر کو دیا جائے۔ علاوہ ازیں اگر کسی شہری نے ون وے کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑی کی نشاندہی بذریعہ تصاویر یا ویڈیو کی ہے تو اسے بھی اس رقم میں سے کچھ مناسب حصہ بطور انعام دیا جائے، اس طرح کراچی کے کروڑوں شہری ٹریفک پولیس کے مفت کے دست و بازو بن جائیں گے اور کمیونٹی پولیسنگ کا نظام متعارف ہو جائے گا. واضح رہے کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن شہر میں کمیونٹی پولیسنگ کے نظام کو لانے کے لیئے بھر پور تیاری کر رہے ہیں۔DSPٹریفک لیاقت آباد جعفر عباس اور SOصدیق پھُل نے123karachi.com سے گفتگو کر تے ہوئے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ لیاقت آباد میں رونگ سائیڈ سے آنے والی گاڑیوں کے خلاف مستقل بنیادوں پر کاروائیاں جاری رکھیں گے۔ ‎
یاد رہے کہ لیاقت آباد کے بیشتر شہری اس لیئے بھی رونگ سائیڈ استعمال کرتے ہیں کیونکہ شہری اور صوبائی انتظامیہ نے انکی آ مدورفت کے لیئے سڑک پر کوئی Diversionیا بالائی موڑنہیں دیاہے۔ جس کے باعث شہریوں کو تقریباً4کلو میٹر جا کر یو ٹرن لینا پڑتا ہے۔‎

اپنا تبصرہ بھیجیں