کراچی ٹریفک پولیس مکمل ناکام!شہریوں نے کراچی میں موٹر وے پولیس کی تعیناتی کا مطالبہ کر دیا

کراچی ٹریفک پولیس مکمل ناکام!شہریوں نے کراچی میں موٹر وے پولیس کی تعیناتی کا مطالبہ کر دیا

123karachi.com
بدھ10مارچ2021
دورانیہ مطالعہ:03منٹ
کراچی، فریئر روڈ
کراچی ٹریفک پولیس شہر کے ٹریفک کے انتظام سنبھالنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نا اہل اور کرپٹ ٹریفک پولیس افسران و اہلکاروں کو فوری طور پر کراچی سے ہٹا کر ان کے متعلقہ ان علاقوں میں بھیج دیا جائے جہاں کا انکا ڈومیسائل ہے اور کراچی میںموٹر وے پولیس کے افسران اور اہلکار ٹریفک کنٹرول کرنے کے لیئے تعینات کیئے جائیں۔‎
کراچی کے ہر علاقے کی چھوٹی بڑی سڑکوں پر رونگ سائیڈ سے ڈرائیونگ کرتے افراد جابجا نظر آتے ہیں ۔صرف موٹر سائیکل سوار ہی نہیں بلکہ ہیوی گاڑیاں بھی رونگ سائیڈ تیز رفتاری سے آتی نظر آتی ہیں۔ گذشتہ دنوں ادارہ نے لیاقت آباد ڈاکخانے کے مقام پر ون وے کی سنگین اور مستقل خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی تھی، جس پر DSPٹریفک جعفر عباس اور SOلیاقت آباد صدیق پھُل نے چند منٹ کی نمائشی کاروائی کر کے رونگ سائیڈ آنے والے کئی افراد کا چلان کیا تھا ، اورمذکورہ کاروائی کی تصاویر اور وڈیوز بنا کر میڈیا کو جاری کر کے ماموں بنانے کی کوشش کی تھی۔ مگر وہ دن ہے اور آج کا دن ہے، لیاقت آباد ڈاکخانہ نزد گول گپے والے روڈ پر کئی درجن گاڑیاں مستقل رونگ وے چلتی نظر آتی ہیں۔ جبکہ مشور گول گپے کے قریب نرالا موڑ پر ٹریفک اہلکاروں کی تعیناتی انتہائی ضروری ہے ،مگر وہاں ایک بھی ٹریفک اہلکار متعین نہیں ہے۔ درجنوں ٹریفک اہلکار عمران الیکٹرانکس کے سامنے ٹریفک کیوبک کے پاس بیٹھے سستاتے نظر آتے ہیں ، کوئی کیوبک کے اندر بیٹھا ہوتا ہے اور کئی کھڑی موٹر سائیکلوں پربراجمان نظر آتے ہیں۔ ان کو اس سے کوئی غرض نہیں کہ ٹریفک جام ہے یا شہری ٹریفک کے مسائل کا شکار ہیں۔ شہر میں بیٹھے جا بجا نظر آنے والے ٹریفک اہلکاروں کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ وہ شہر میں ٹریفک کنٹرول کرنے کی بجائے میلہ دیکھنے آئے ہیں۔واضح رہے کہ لیاقت آباد ٹریفک اہلکاروں کی نا اہلی کی وجہ سے منگل 09مارچ2021 کی شام کو ایک بجری سے بھرے ٹرک جس کا نمبر KTF-545ہے نے ایک موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار کر شدید زخمی کر دیا، کافی دیر تک زخمی سڑک کے قریب پڑا رہا اور اسکی موٹر سائیکل ٹرک کے نیچے پھنسی رہی مگر چند گز کے فاصلے پر موجود ٹریفک کیوبک کے اہلکار موقع پر نہ پہنچے۔ شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمی کی مدد کرنے کی کوشش کی مگر شہر میں بتیاں دیکھنے آنے والے ٹریفک اہلکار اپنی جگہ سے ٹس سے مس نہ ہوئے،اور شہری کو طبّی امداد کے لیئے انتہائی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا.

اپنا تبصرہ بھیجیں